کوئی بھی فلم اتنی سنسنی خیز اور دماغ کو الجھا دینے والی نہیں ہوسکتی جتنی 1993 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم ہے۔
1990 کی دہائی کی اس فلم کو دیکھ کر ہوسکتا ہے کہ دل کی دھڑکنیں تیز ہوجائیں، خون تیزی سے گردش کرنے لگے یا اضطراب طاری ہوجائے۔
مگر یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ اس فلم کو دیکھ کر آپ مایوس نہیں ہوں گے۔
یہ ہے دی فیوجیٹو (The Fugitive) جس میں ہیریسن فورڈ اور ٹموتھی لی جونز نے مرکزی کردار ادا کیے۔
یہ فلم اسی نام سے 1960 کی دہائی میں نشر ہونے والی ٹی وی سیریز پر مبنی تھی جس کی ہدایات اینڈریو ڈیوس نے دی تھیں۔
فلم کی کہانی
یہ شکاگو سے تعلق رکھنے والے معروف سرجن ڈاکٹر رچرڈ کیمبلے (ہیریسن فورڈ) کی کہانی ہے جس کی بیوی ہیلن کو گھر کے اندر قتل کر دیا جاتا ہے۔

پولیس کی جانب سے ڈاکٹر رچرڈ پر اس قتل کا الزام عائد کیا جاتا ہے اور پھر اسے سزائے موت سنا دی جاتی ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد جیل جاتے ہوئے پولیس کی گاڑی کا حادثہ ہو جاتا ہے جس کا فائدہ اٹھا کر ڈاکٹر رچرڈ فرار ہوجاتا ہے۔
اس کے بعد ڈپٹی سموئیل جیراڈ کی جانب سے ڈاکٹر رچرڈ کو پکڑنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
اس چوہے بلی کے کھیل میں ڈاکٹر رچرڈ کی جانب سے بیوی کے قاتل کو ڈھونڈنے کے لیے کوشش بھی کی جاتی ہے۔

اس کے آگے کہانی اتنی سنسنی خیز ہے جو دلوں کی دھڑکن تیز کر دیتی ہے اور فلم کو دیکھ کر ہی زیادہ لطف اندوز ہونا ممکن ہے۔
واضح رہے کہ اس فلم کا بجٹ 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز تھا مگر اس نے دنیا بھر میں 36 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا جبکہ بہترین معاون اداکار کا آسکر ایوارڈ بھی جیتنے میں کامیاب رہی۔
فلم کی کامیابی کے بعد اس کی ایک اسپن آف (spinoff) فلم یو ایس مارشل بھی 1998 میں ریلیز ہوئی۔















