کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ کون سی غذائیں ہیں جو جلد کو قبل از وقت بوڑھا کر دیتی ہیں؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
عمر میں اضافے کے ساتھ ساتھ جلد پر بڑھاپے کے آثار نمایاں ہونا تو ایک عام سی بات ہے لیکن آپ کی چند غذائیں اس عمل کی رفتار تیز کر دیتی ہیں۔
اگر آپ عمر بڑھنے کے ساتھ اپنی جِلد کو صحت مند اور ہموار رکھنا چاہتے ہیں تو چند مخصوص غذاؤں کے استعمال سے جس حد تک ممکن ہو گریز کریں۔
جِلد کے لیے نقصان دہ غذائیں درج ذیل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: موسم سرما میں بے رونق چہرے کی چمک منٹوں میں بحال کریں
دودھ سے بنی چند مصنوعات
ماہرین کے مطابق مغربی انداز کی غذا گوشت اور دودھ سے بنی مصنوعات جیسے پنیر پر مشتمل ہوتی ہے، جس میں کولیسٹرول کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس سے جسمانی ورم بڑھتا ہے اور جِلد کی عمر تیزی سے بڑھنے لگتی ہے۔
پراسیس گوشت
پراسیس گوشت میں نمک کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے چہرہ پھول جاتا ہے جبکہ اس میں موجود نائٹریٹ سے ورم متحرک ہوتا ہے۔
چینی کا زیادہ استعمال اور میٹھے مشروبات
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ زیادہ چینی کے استعمال سے جِلد کی عمر تیزی سے بڑھتی ہے جس کے نتیجے میں جھریاں بن جاتی ہیں۔
بیکری کی مصنوعات
چپس، پیسٹری، سفید ڈبل روٹی اور ایسی ہی متعدد بیکری کی مصنوعات میں کاربوہائیڈریٹس کو بہت زیادہ پراسیس کرکے استعمال کیا جاتا ہے، یہ مصنوعات جسم میں ورم کو بڑھاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چہرے سے بلیچ کے اثرات دور کرنے کے لیے یہ طریقے آزمائیں
تلی ہوئی غذائیں
تلی ہوئی غذائیں بھی بہت مزیدار لگتی ہیں مگر وہ جِلد کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہیں، جب ان غذاؤں کو گرم تیل میں تلا جاتا ہے تو ایسے نقصان دہ مرکبات خارج ہوتے ہیں جو نہ صرف جِلد کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ جِلد کی لچک کو بھی متاثر کرتے ہیں۔




















