Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی حکومت کے پاس خلائی مخلوق کی لاشیں ہیں، سابق انٹیلی جنس اہلکار کا دعویٰ

سابق امریکی محکمہ دفاع نیشنل جیو اسپیشل انٹیلی جنس ایجنسی کے اہلکار ڈیوڈ گرش نے دعویٰ کیا ہے کہ  امریکی حکومت کے پاس خلائی مخلوق کی لاشیں ہیں۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی کانگریس میں خلائی مخلوق سے متعلق ایک سماعت کے دوران ڈیوڈ گرش نے کہا کہ امریکی حکومت 1930 کی دہائی سے خلائی مخلوق کے ساتھ ہوئے قریبی مقابلوں کو چھپا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے زمین پر گر کر تباہ ہونے والے ’ یو ایف اوز‘ کی باقیات کو برآمد کیا ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا تباہ شدہ ’یو ایف اوز‘ سے کوئی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، گرش نے جواب دیا کہ بائیولوجکس (حیاتیاتی) نمونے دریافت ہوئے ہیں۔

جب ان سے ان بائیولوجکس کے بارے میں پوچھا گیا کہ وہ ’انسانی ہیں یا غیر انسانی‘تو انہوں نے کہا کہ ’غیر انسانی‘، یہ ان لوگوں کا اندازہ تھا جن سے میں نے پروگرام کے بارے میں بات کی تھی۔

گرش نے  مزید کہا کہ انہوں نے خود کوئی اجنبی لاشیں نہیں دیکھی ہیں لیکن وہ  متعدد ساتھیوں کے بارے میں جانتے ہیں جو ’یو ایف اوز‘ سرگرمی سے جسمانی طور پر زخمی ہوئے تھے۔

گرش نے کہا کہ  پچھلے چار سالوں میں انہوں نے 40 گواہوں سے بات کی ہے جنہوں نے خفیہ ریورس انجینئرنگ پروگراموں میں حصہ لیا تھا جس میں حادثے کے ملبے سے یو ایف اوز کو دوبارہ بنانے کی کوشش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ اجنبی ملبہ کہاں چھپا ہوا ہے لیکن وہ صرف کانگریس کے ارکان کو ذاتی طور پر مقامات کا انکشاف کریں گے۔

گرش نے  مزید کہا کہ امریکی حکومت کے دفاعی بجٹ میں سے کئی سالوں سے خفیہ منصوبوں کو فنڈز فراہم کرنے کے لیے رقم خفیہ طور پر استعمال کی جاتی رہی ہے ۔

کانگریس مین ٹِم برچیٹ نے سماعت کو بتایا کہ ٹیکس دہندگان کی  ایک بلین ڈالر کی رقم ہر سال سرکاری فنڈز سے غائب ہو جاتی ہے اور اس کا کوئی حساب نہیں ہے۔