Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

2500 سال قدیم سنہری ہیلمٹ 14 ماہ بعد برآمد

چوری کے اس واقعے نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی تھی

ہالینڈ کے ڈرینٹس میوزیم میں جنوری 2025 کی ایک صبح ہونے والی بڑی ڈکیتی کا معمہ بالآخر حل ہو گیا۔ چوروں نے دروازہ توڑ کر اور دھماکہ خیز مواد کا استعمال کرتے ہوئے رومانیہ کے قیمتی نوادرات چرا لیے تھے۔

حکام کے مطابق تمام چوری شدہ اشیاء برآمد کر لی گئی ہیں، جن میں سب سے نمایاں 2500 سال پرانا سنہری ہیلمٹ شامل ہے، جو ڈاشیا تہذیب سے تعلق رکھتا ہے اور رومانیہ کے قومی ورثے کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ تین سنہری کنگن بھی چوری کیے گئے تھے۔

زیادہ تر نوادرات کو بخارسٹ کے ہینری کوانڈا ایئرپورٹ منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں سخت سیکیورٹی میں نیشنل ہسٹری میوزیم پہنچایا گیا۔ اس وقت یہ اشیاء شیشے کے محفوظ کیس میں مسلح اہلکاروں کی نگرانی میں رکھی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فضائی آلودگی کے حل کیلئےاسمارٹ موٹر سائیکل ہیلمٹ تیار

یہ کامیابی 14 ماہ طویل تحقیقات، رومانیہ اور ہالینڈ کے درمیان سفارتی رابطوں اور 3 ملزمان کے خلاف جاری مقدمے کے بعد حاصل ہوئی، تاہم ایک سنہری کنگن تاحال لاپتہ ہے۔

میوزیم کے ڈائریکٹر رابرٹ وین لانگ نے کہا ہے کہ اس کی تلاش جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس واقعے نے خاص طور پر رومانیہ کے عوام کو شدید صدمہ پہنچایا، تاہم اب ان کے قومی ورثے کی واپسی پر خوشی اور اطمینان پایا جا رہا ہے۔

چوری کے اس واقعے نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی تھی اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ہیلمٹ کو پگھلا دیا جائے گا، تاہم اس کی شہرت کے باعث اسے فروخت کرنا ممکن نہیں تھا۔

بعد ازاں حکام نے بتایا کہ ہیلمٹ کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ بازیاب ہونے والے کنگن مکمل طور پر محفوظ حالت میں ہیں۔

متعلقہ خبریں