Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

افغان ناظم الامور دفتر خارجہ طلب، بنوں حملے پر اسلام آباد کی دو ٹوک وارننگ

طالبان حکومت دہشت گرد عناصر کے خلاف اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بنوں کے علاقے فتح خیل میں پولیس پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد اسلام آباد میں افغان طالبان رجیم کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور باضابطہ احتجاجی مراسلہ بھی تھما دیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق بنوں فتح خیل پولیس پوسٹ حملے میں 15 اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہوئے تھے، حملے کی تحقیقات اور تکنیکی انٹیلی جنس شواہد سے واضح اشارے ملے ہیں کہ دہشت گردی کے تانے بانے افغان سرزمین سے جا ملتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد افغانستان سے حملوں کی منصوبہ بندی کرتے رہے، جبکہ اقوام متحدہ کی مختلف رپورٹس میں بھی افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔

پاکستان نے افغان طالبان کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے اور طالبان حکومت دہشت گرد عناصر کے خلاف اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔

دفتر خارجہ نے فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور داعش سے منسلک عناصر کے خلاف فوری اور قابلِ تصدیق کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر دہشت گردوں کو پناہ دی جاتی رہی تو پاکستان اپنی قومی سلامتی پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، تاہم برادر ممالک کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات بھی مطلوبہ نتائج نہ دے سکے۔

پاکستان نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور قومی سلامتی کا دفاع اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن ردعمل کا حق محفوظ رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں