Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کرغزستان کے صدارتی محل میں وزیراعظم کا پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش

کرغزستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا

بشکیک: وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اعزاز میں کرغزستان کے صدارتی محل میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پہنچنے پر کرغزستان کے صدر صادق نورژاپاروف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

صدارتی محل آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کو ریڈ کارپٹ پیش کیا گیا جبکہ پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

اس موقع پر کرغزستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔

بعد ازاں کرغزستان کے صدر صادق نورژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا جبکہ وزیراعظم نے بھی کرغز صدر سے پاکستانی وفد کے ارکان کا تعارف کروایا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کرغز صدر کی دعوت پر 3 روزہ سرکاری دورے پر کرغستان میں ہیں جبکہ وفاقی وزراء جام کمال خان، عبدالعلیم خان اور عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے جبکہ شہباز شریف ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں