Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد؛ سیکٹر سی 14 کے بنیادی ترقیاتی کام مکمل، الاٹیز کو پلاٹوں کا قبضہ دینا شروع

چیئرمین سی ڈی اے کا سیکٹر سی 14 اور سنگجانی انٹرچینج کا تفصیلی دورہ۔

اسلام آباد کے سیکٹر سی 14 میں بنیادی ترقیاتی کام مکمل کرلیے گئے ہیں جب کہ بجلی کی فراہمی سے متعلق کام آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد الاٹیز کو پلاٹوں کا قبضہ دینے کا باقاعدہ عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد نے سیکٹر سی 14 اور سنگجانی انٹرچینج کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کی رفتار، معیار اور مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر ممبر بلڈنگ، ممبر اسٹیٹ، ممبر ایڈمنسٹریشن، ڈائریکٹر جنرل ورکس، ڈائریکٹر جنرل انفراسٹرکچر، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ حکام نے چیئرمین سی ڈی اے کو سیکٹر سی 14 میں مکمل اور جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیکٹر میں بنیادی ترقیاتی کام مکمل ہوچکے ہیں جب کہ بجلی کی فراہمی سے متعلق کام بھی آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔

سیکٹر کی مرکزی شاہراہوں پر کھمبے نصب کرنے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جب کہ اہم سڑکوں اور گلیوں میں اشارتی تختیاں بھی نصب کردی گئی ہیں۔

مرکزی شاہراہوں کے اطراف شجرکاری کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ سیکٹر کو جدید، پرکشش اور شہریوں کے لیے بہتر رہائشی ماحول فراہم کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔

ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد ترقی یافتہ پلاٹوں کا قبضہ الاٹیز کے حوالے کرنے کا باقاعدہ عمل شروع کردیا گیا ہے جب کہ باقی ماندہ الاٹیز کو بھی جلد از جلد قبضہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیکٹر سی 14 میں باقی تمام ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں اور ترقیاتی سرگرمیوں میں حائل تمام رکاوٹوں کو بلا تاخیر دور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد کے شہریوں کی بڑھتی ہوئی رہائشی ضروریات کو پورا کرنا سی ڈی اے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

چیئرمین نے کہا کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ نئے رہائشی سیکٹرز کی بروقت ترقی بھی اسلام آباد کی منصوبہ بندی کے تحت توسیع اور ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو پلاٹوں کا قبضہ جلد از جلد فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامی اور فنی اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔

بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد نے سنگجانی انٹرچینج کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کا موقع پر معائنہ کیا۔

متعلقہ حکام نے انہیں منصوبے کی تعمیراتی پیش رفت اور تکمیل کے مجموعی شیڈول سے آگاہ کیا جس پر چیئرمین نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور مقررہ اہداف کے مطابق بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے واضح کیا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جب کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار، پائیداری اور شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے، موقع پر پیدا ہونے والے مسائل کو فوری حل کیا جائے اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار متاثر نہ ہو۔

چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی ترقی کا عمل مسلسل جاری ہے اور شہریوں کو جدید بنیادی ڈھانچہ، بہتر رہائشی سہولتیں، خوشگوار اور پرکشش ماحول اور مؤثر شہری خدمات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بڑے جاری منصوبوں کے ساتھ ساتھ سیکٹرز کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، رہائشی سہولتوں کی فراہمی اور شہریوں کے مسائل کے فوری حل پر بھی یکساں اور مسلسل توجہ دی جائے گی۔