شنجن: وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ شیرزا منسب علی خان کھرل نے بول نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات انتہائی دیرینہ اور مضبوط ہیں جب کہ سی پیک کے پہلے مرحلے سے پاکستان میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔
بول نیوز کے نمائندے ظاہر شاہ شیرازی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیرزا منسب علی خان کھرل نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے نے پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دی جب کہ ملک کے روڈ انفرااسٹرکچر میں بھی بہتری آئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے صنعتی شہر شنجن میں ماحولیاتی تبدیلی اور صنعتی ترقی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتا ہے۔
وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کا کہنا تھا کہ چین نے صنعتی ترقی اور ماحولیاتی بہتری کے حوالے سے مختلف اقدامات کیے ہیں جن کے تجربات سے پاکستان استفادہ کرسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب ہم نے سی پیک 2.0 میں قدم رکھا ہے اور اس کو اڑان پاکستان پروگرام کے ساتھ الائن کیا گیا ہے، اس پروگرام میں گرین ڈویلپمنٹ ایک اہم حصہ اور کوریڈور ہے۔
وزیرِ مملکت کہتی ہیں کہ شنجن نے گذشتہ 10 سالوں میں بہت ترقی کی ہے جب کہ ایک ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن بھی ہمیں نظر آرہی ہے جو کہ بالکل ایکو فرینڈلی ہیں۔
















