روس اور یوکرین کے درمیان فضائی حملوں میں مختصر وقفے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے تین گھنٹے طویل ملاقات کی جس میں یوکرین جنگ کے خاتمے اور روس، یوکرین کے درمیان براہِ راست مذاکرات کی بحالی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی ایلچی روس اور یوکرین کے درمیان براہِ راست مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق روس اور یوکرین نے فضائی حملوں میں مختصر وقفے پر بھی اتفاق کیا جبکہ روسی صدر پیوٹن نے روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات میں امریکی ثالثی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اتوار کو کیف کا دورہ کریں گے۔ یہ دورہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسرے دورِ صدارت میں امریکی ایلچیوں کا یوکرین کا اعلیٰ سطح کا اہم ترین دورہ قرار دیا جارہا ہے۔
دوسری جانب یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بین الاقوامی پرواز کے کیف میں اترنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔


















