Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جامعہ کراچی کے استاد سے مبینہ بدسلوکی، وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس

اساتذہ کا احترام ہماری معاشرتی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، ضیاء الحسن لنجار

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے جامعہ کراچی کے استاد عارف خان ساقی کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور حبسِ بیجا میں رکھنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے رابطہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے واقعے کی مکمل تفصیلات اور اب تک کی جانے والی قانونی کارروائی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کا قابلِ احترام طبقہ ہیں اور ان کے وقار، عزت اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے یا کسی استاد کی تضحیک اور بدسلوکی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اگر اساتذہ کو کسی بھی قسم کی قانونی یا حفاظتی معاونت کی ضرورت ہو تو سندھ پولیس انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

ایس ایس پی ایسٹ نے وزیر داخلہ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں ملوث تین ملزمان پولیس تحویل میں ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ اساتذہ کا احترام ہماری معاشرتی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور ان کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ حکومت سندھ اور سندھ پولیس اساتذہ کے احترام، تحفظ اور قانونی معاونت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔