پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی چیمپئن شپ کے لیے 28 کروڑ روپے کے بڑے انعامی پیکج کا اعلان کردیا جس کا مقصد گراس روٹ سطح سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور قومی کھیل کو دوبارہ مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کے مطابق نیشنل سینئر، جونیئر اور انڈر 15 ہاکی چیمپئن شپ جنوری 2027 میں منعقد کی جائیں گی، جن میں بوائز اور گرلز ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ 28 کروڑ روپے کی انعامی رقم نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور کامیاب ٹیموں میں تقسیم کی جائے گی تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو ہاکی کی جانب راغب کرنے کے ساتھ بہتر کارکردگی کا بھرپور موقع فراہم کیا جاسکے۔
نئے مقابلہ جاتی نظام کے تحت ہر صوبے سے زیادہ سے زیادہ چار ٹیمیں قومی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گی، جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے دو، دو ٹیموں کو نمائندگی دی جائے گی۔ مختلف اداروں کی ٹیموں کو بھی قومی مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی۔
پی ایچ ایف صدر کے مطابق جن علاقوں میں گرلز ہاکی ٹیمیں موجود ہیں، وہاں کھلاڑیوں کو قومی سطح پر مقابلے کے مکمل مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
محی الدین احمد وانی نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں ہاکی کے ٹیلنٹ پول کو وسیع کرنا، علاقائی سطح پر معیاری اور مسابقتی مقابلوں کو فروغ دینا اور انڈر 15 سے جونیئر اور پھر سینئر سطح تک کھلاڑیوں کے لیے واضح راستہ فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ ٹیمیں، زیادہ مقابلے، نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع اور بڑے انعامات پاکستان ہاکی کو گراس روٹ سطح سے قومی ٹیم تک دوبارہ مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔



















