Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کا غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف عالمی اقدامات کا خیرمقدم

غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف مختلف ممالک کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیا پر برطانوی پابندی سمیت کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین اور سویڈن کے اقدامات کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور یہ بستیوں کی تعمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بھی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی توسیع دو ریاستی حل کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچارہی ہیں جب کہ امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششیں بھی اس سے متاثر ہورہی ہیں۔

ترجمان نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف مزید اقدامات پر غور کیے جانے کا بھی خیرمقدم کیا۔ ترجمان کے مطابق امید ہے کہ یہ اقدامات غیر قانونی اقدامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرنے کا واضح پیغام دیں گے۔

پاکستان نے فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آزاد اور پائیدار فلسطینی ریاست 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہونی چاہیے۔ القدس الشریف آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔