پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے اداکاری کے بعد گلوکاری کے میدان میں بھی قدم رکھتے ہوئے اپنا پہلا گانا ’پابلو‘ ریلیز کردیا ہے۔
پنجابی ہپ ہاپ گانے ’پابلو‘ کی خاص بات یہ ہے کہ ہانیہ عامر نے اسے خود لکھنے کے ساتھ ساتھ کمپوز بھی کیا ہے۔ گانے میں اداکارہ نے اپنے ناقدین اور تنقید کرنے والوں کو منفرد انداز میں جواب دیا ہے۔
گانے کا آغاز مدھم پیانو کی دھن سے ہوتا ہے تاہم کچھ ہی دیر بعد یہ تیز رفتار پنجابی ہپ ہاپ میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ گانے کے بول میں ان لوگوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے جو ہانیہ عامر کی شخصیت اور انداز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’فیک‘ قرار دیتے ہیں۔
View this post on Instagram
ہانیہ عامر گانے کے ذریعے یہ پیغام دیتی نظر آتی ہیں کہ وہ دوسروں کی منفی باتوں کی پروا کیے بغیر اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق گزارنے اور اسے بھرپور انداز میں انجوائے کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔
تاہم گانے کا سب سے بڑا سرپرائز اس وقت سامنے آیا جب بھارتی اداکارہ اور رئیلٹی ٹی وی اسٹار راکھی ساونت نے اچانک گانے میں انٹری دی۔
راکھی ساونت ہانیہ عامر کی خوبصورتی اور اعتماد کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’شیرنی‘ قرار دیتی ہیں اور ناقدین کی باتوں سے متاثر نہ ہونے کا مشورہ دیتی ہیں۔
’پابلو‘ ہانیہ عامر کے تقریباً ایک دہائی پر محیط شوبز کیریئر کا پہلا باقاعدہ میوزک وینچر ہے جس کے ذریعے اداکارہ نے اپنے کیریئر میں ایک نئے باب کا آغاز کردیا ہے۔
















