Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، اورنگی ٹاؤن میں افسوسناک واقعہ، اسکول کی دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق

ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے 5 افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہیں

شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11، بلاک ایل میں فٹبال گراؤنڈ کے قریب گورنمنٹ اسکول کی خستہ حال دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق واقعے کے وقت 7 افراد ملبے تلے دب گئے تھے، ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے ملبے میں دبے افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے 5 افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو بھی طبی امداد دی جارہی ہے۔

ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں سامنے آیا ہے کہ نشئی افراد مبینہ طور پر اسکول کی دیوار سے سریا نکالنے کی کوشش کر رہے تھے، جس کے دوران خستہ حال دیوار گر گئی۔

واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

متعلقہ خبریں