Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران نے امریکا کے سامنے 3 بڑی شرائط رکھ دیں

قطر کی ثالثی کے ذریعے امریکا تک تہران کا پیغام پہنچایا گیا، اسماعیل بقائی

نیویارک: ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے امریکا کے سامنے اپنی شرائط رکھ دی ہیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کے دوران تہران کا مؤقف پیش کیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز کھولنے کی شرائط میں امریکی بحری ناکہ بندی کا فوری خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی فوری بحالی اور تمام ’’مزاحمتی محاذوں‘‘ پر جنگ کا خاتمہ شامل ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی کہا ہے کہ قطر کی ثالثی کے ذریعے امریکا تک تہران کا پیغام پہنچایا گیا۔ ایران کا مطالبہ ہے کہ جنگ کے تمام محاذوں پر کارروائیاں ختم کی جائیں، امریکی فوجی اقدامات اور بحری ناکہ بندی کا خاتمہ کیا جائے، اقتصادی دباؤ ختم کیا جائے اور ایرانی اثاثے بحال کیے جائیں۔

ایران اس سے قبل بھی عندیہ دے چکا ہے کہ اگر امریکا فوجی دباؤ کم کرے اور ایرانی بندرگاہوں پر عائد بحری ناکہ بندی ختم کرے تو آبنائے ہرمز تقریباً ایک ہفتے کے اندر دوبارہ کھولی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں ہونے والے رابطوں کو مثبت قرار دیا ہے۔

 امریکی حکام کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت جاری ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان اہم معاملات پر اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔

متعلقہ خبریں