Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تحفہ وصول کرنے سے نیلامی تک، توشہ خانہ کے نئے قواعد میں کیا تبدیلیاں کی گئیں ہیں؟

توشہ خانہ تحائف سے متعلق قواعد و ضوابط میں ترامیم کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

اسلام آباد: توشہ خانہ تحائف سے متعلق قواعد و ضوابط میں ترامیم کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جب کہ ترامیم کے تحت تحائف کی نیلامی اور قیمت کے تعین سمیت مختلف امور کے لیے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

نئے قواعد کے تحت توشہ خانہ میں جمع ہونے والے تحائف کی عام نیلامی کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جب کہ سفارتی لحاظ سے حساس اور تاریخی ورثے کے حامل تحائف نیلام نہیں کیے جائیں گے۔

قواعد کے مطابق خصوصی کمیٹی میں سیکرٹری کابینہ کے علاوہ خزانہ، خارجہ، قانون و انصاف اور قومی ثقافت کے ایڈیشنل سیکرٹریز شامل ہوں گے۔

کمیٹی توشہ خانہ میں جمع ہونے والے تحائف کی عام نیلامی کے حوالے سے فیصلہ کرے گی جب کہ تحائف کو سفارتی لحاظ سے حساس، ورثہ یا عوامی استعمال کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ بھی کمیٹی کرے گی۔

نئے قواعد کے مطابق سفارتی لحاظ سے حساس نوعیت اور تاریخی ورثے کے حامل تحائف کی نیلامی نہیں کی جائے گی۔

قواعد میں کہا گیا ہے کہ ریاست اور حکومت کے سربراہ کے علاوہ تمام پبلک آفس ہولڈرز یا سرکاری وفد میں شامل شخصیات پر تحفہ لینے کی پابندی ہوگی۔

انتہائی ناگزیر صورت میں تحفہ وصول کرنے کی صورت میں اسے قواعد کے سیکشن 3 کے تحت توشہ خانہ میں جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

قواعد میں بتایا گیا ہے کہ گریڈ ایک سے چار تک کے ملازمین کو غیر ملکی مہمانوں سے نقد انعام کا تقاضا کرنے پر کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ تحفہ وصول کرنے کے بعد مختلف صورتوں میں اسے 30 سے 60 دن کے اندر توشہ خانہ میں جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

معمولی نوعیت کی اور انتہائی کم قیمت اشیائے خورونوش کو ڈکلیئر کرنا لازمی نہیں ہوگا۔ غیر ملکی وفود کی جانب سے دیے جانے والے تحائف کی فہرست وزارت خارجہ کی جانب سے کابینہ ڈویژن کو فراہم کی جائے گی۔

توشہ خانہ میں تحفہ جمع نہ کرانے کی صورت میں قواعد کے سیکشن 5 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ تحائف کی قیمت کے تعین کے لیے بھی نیا طریقہ کار تجویز کیا گیا ہے جس کے تحت ایف بی آر، نجی شعبے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے الگ الگ قیمت کا تعین کیا جائے گا۔

قواعد میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہتھیار بطور تحفہ موصول ہونے کی صورت میں اس کی قیمت کا تعین پی او ایف واہ کرے گی۔ توشہ خانہ میں جمع ہونے والے تحائف عام نیلامی کے ذریعے فروخت کیے جائیں گے جب کہ وزارت اطلاعات و نشریات تحائف کی نیلامی کو براہ راست نشر کرے گی۔

نئے قواعد کے تحت تحائف کی نیلامی مالی سال میں ایک یا دو مرتبہ کی جائے گی۔ پبلک آفس ہولڈرز اور ان کے خاندان کو توشہ خانہ کے تحائف خریدنے کا اہل نہیں ہوگا جب کہ تحائف کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم پسماندہ علاقوں میں تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں