امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدے کے خواہاں ہیں، تاہم امریکا کی بنیادی شرط یہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار یا حاصل نہ کرے۔
مارکو روبیو نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کا جنوبی راستہ کھلا ہے، خلیجی ممالک کے ساتھ اس بات پراتفاق ہے کہ آبنائے ہرمز کھلے، خلیجی ممالک چاہتے ہیں ان پر کوئی حملہ نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی ایجنٹ خطے کی سلامتی، خودمختاری کے لیے خطرہ ہیں، امریکا کے لیے سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہیے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا ہمیشہ اپنے قومی مفادات کے مطابق اقدامات کرے گا۔ ایران سمجھتا ہے انتخابات میں ڈیموکریٹس کامیاب ہوں گے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ یمن میں جو کچھ ہورہا ہے وہ انتہائی سنگین مسئلہ ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے میں کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کے پاس کئی آپشنز موجود ہیں جن میں فوجی آپشن بھی شامل ہے، ایران کے ساتھ معاہدے تک پہنچنے کے لیے کچھ عرصے تک مسلسل کوششیں کرنا ہوں گی۔




















