Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جنرل اسمبلی اجلاس، آج 35 ممالک کے سربراہان خطاب کریں گے

نیتن یاہو کے خطاب کے دوران مسلم ممالک کے احتجاجی واک آؤٹ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے دوران آج مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام جنرل ڈیبیٹ سے خطاب کریں گے۔ جنرل ڈیبیٹ 22 سے 26 ستمبر اور 28 ستمبر کو جاری رہے گا۔

آج کے پروگرام کے مطابق 35 ممالک کے سربراہان پہلے اور دوسرے سیشن میں جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ پہلے سیشن میں 18 جبکہ دوسرے سیشن میں 17 ممالک کے نمائندے خطاب کریں گے۔

آج کے اہم مقررین میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو بھی شامل ہیں، جو پہلے سیشن میں جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ فلسطین سمیت مختلف ممالک اور یورپی یونین کی قیادت بھی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنے مؤقف پیش کرے گی۔

آئرلینڈ، آسٹریلیا، یمن، کویت، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز، نیپال، تھائی لینڈ اور جارجیا سمیت متعدد ممالک کے وزرائے اعظم بھی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

نیتن یاہو کے خطاب کو اجلاس کا اہم اور توجہ طلب مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے، بالخصوص فلسطین کے معاملے پر اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں کے باعث ان کے خطاب پر عالمی سطح پر خصوصی توجہ مرکوز رہے گی۔

نیتن یاہو کے خطاب کے دوران مسلم ممالک کے احتجاجی واک آؤٹ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال بھی اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کے دوران بعض ممالک کے نمائندوں نے احتجاجاً جنرل اسمبلی ہال سے واک آؤٹ کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے مطابق جنرل اسمبلی کا موجودہ جنرل ڈیبیٹ عالمی رہنماؤں کو بین الاقوامی امن، سلامتی، علاقائی تنازعات اور دیگر عالمی چیلنجز پر اپنے ممالک کے مؤقف اور ترجیحات پیش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

81ویں جنرل اسمبلی اجلاس کی صدارت بنگلہ دیش کے خالد الرحمان کر رہے ہیں، جبکہ رواں سال اجلاس کا مرکزی موضوع ’’اعتماد کی بحالی، تبدیلی کا انتظام: سب کے لیے مؤثر اقوام متحدہ‘‘ رکھا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں