Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صبا فیصل کے طلاق سے متعلق بیان پر اداکارہ حرا خان نے کیا کہا؟

جنازے اٹھانے سے بہتر ہے والدین اپنے سر جھکا لیں، حرا خان

اداکارہ صبا فیصل کے طلاق سے متعلق حالیہ بیان پر سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے جبکہ اداکاراؤں حرا خان اور زویا ناصر نے بھی ان کے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

حرا خان نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے صبا فیصل کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ والدین کے لیے بیٹی کی طلاق کے معاملے میں صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہو سکتی ہے لیکن جنازے اٹھانے سے بہتر ہے کہ والدین اپنے سر جھکا لیں۔

 انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی یہ بات کہہ چکی ہوں اور دوبارہ کہتی ہوں کہ ’صبا فیصل کو مدد کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب زویا ناصر نے بھی سوشل میڈیا پر صبا فیصل کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے اسے ایک پیچیدہ اور حساس معاملہ قرار دیا اور کہا کہ اس موضوع پر میرے پاس کہنے کے لیے بہت کچھ ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)

حرا خان اور زویا ناصر کا ردِعمل صبا فیصل کی اس ویڈیو کے بعد سامنے آیا جس میں اداکارہ نے طلاق کے حوالے سے بدلتے ہوئے معاشرتی رویوں پر گفتگو کی تھی۔

صبا فیصل نے ماضی کے معاشرتی رویوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے طلاق کو پورے خاندان کے لیے ایک انتہائی تکلیف دہ واقعہ سمجھا جاتا تھا۔ خاندان طویل عرصے تک یہ سوچتا رہتا تھا کہ رشتہ ختم ہونے کی وجہ کیا بنی جبکہ بیٹی کی طلاق پر والد بھی معاشرتی دباؤ اور شرمندگی محسوس کرتے تھے۔

اداکارہ نے ماضی کے اس رویے کا موجودہ معاشرتی صورتحال سے موازنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب بعض حلقوں میں طلاق کو پہلے کی نسبت مختلف انداز میں دیکھا جاتا ہے اور طلاق یافتہ خواتین اپنی زندگی دوبارہ شروع کرنے اور آگے بڑھنے پر توجہ دیتی ہیں۔

صبا فیصل کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شادی، طلاق، خاندانی توقعات اور معاشرے میں بدلتے ہوئے رویوں کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔