راولپنڈی: بھارتی فوج اور میڈیا کی جانب سے محمد آصف کو شہید کرنے کے دعوے کے برعکس ڈی جی آئی ایس پی آر نے انہیں میڈیا کے سامنے پیش کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 29 ستمبر کو بھارت نے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کیا، 29 ستمبر کی رات کو بھارتی آرمی کی کور نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے دعوے کے مطابق انہوں نے مقبوضہ کشمیرکے علاقے میں آپریشن کیا اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک دہشت گرد مارا گیا ہے، دعویٰ کیا گیا کہ لشکر طیبہ کے دہشت گرد کی لاش بھی مل گئی ہے اور دہشت گرد کا نام محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بعد میں بھارت نے دعویٰ کیا کہ محمد آصف ایس ایس جی کا حوالدار ہے جب کہ ہلاک دہشت گرد موسیٰ عرف آصف فوجی ہے جب کہ یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ ہلاک دہشت گرد کی شناخت محمد آصف کے نام سے ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ ہلاک دہشت گرد کا تعلق پاکستان سے ہے اور ایس ایس جی کا حوالدار ہے، بھارتی نیوز ایجنسی نے سروس نمبر کے ساتھ تفصیلات کا دعویٰ کیا جب کہ یہ بھی دعویٰ کیا کہ آصف نے مختلف علاقوں میں حملےکیے۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ محمد آصف پر بھارتی حکومت نے دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کا الزام لگایا، بھارتی حکومت نے دعویٰ کیا کہ آصف کے دیگر تین ساتھی بھی مارے گئے، بھارتی دعوؤں کے مطابق آصف ایسا سپرمین تھا جو یہ ساری کارروائیاں کرتا رہا۔
ترجمان پاک فوج کہتے ہیں کہ محمد آصف پر پہلگام سمیت مختلف کارروائیوں کا الزام لگایا گیا، پاک فوج کے سپاہی جس کے بارے میں بھارت پروپیگنڈا کرتا رہا وہ یہاں موجود ہیں۔
شہادت کے دعوؤں کے برعکس حوالدار محمد آصف میڈیا کے سامنے پیش
بعد ازاں ڈی جی آئی ایس پی آر نے انہیں میڈیا کے سامنے پیش کردیا اور میڈیا سے گفتگو میں حوالدار محمد آصف نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اٹک پنڈی گھیب کا رہنے والا ہوں، سوشل میڈیا کے ذریعے مجھے پتا چلا کہ بھارت نے مجھے شہید کردیا ہے جس کے بعد دوستوں کے فون آئے کہ مجھے بھارتی فورسز نے ماردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے حیرت ہوئی کہ میں اپنے گھر میں ہوں تو مجھے کیسے بھارتی فوج نے شہید کردیا، 2023 میں ایس ایس جی سے ریٹائر ہوا ہوں، وطن کی خاطر بہادری سے لڑا ہوں اور آئندہ بھی وطن کی خدمت کے لیے حاضر ہوں۔
ریٹائرڈ حوالدار نے کہا کہ بھارت کے بے بنیاد اور من گھڑت الزام کی شدید مذمت کرتا ہوں، میں ایک سیکیورٹی کمپنی میں کام کرتا ہوں، بھارت نے میرے ملک پر غلط الزام لگایا ہے، میں زندہ ہوں اور راولپنڈی میں رہتا ہوں، اب آپ کے سامنے ہوں۔
ترجمان پاک فوج کا بھارت کو دوٹوک جواب
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یقین دلاتے ہیں کہ اس دفعہ کا ہمارا جواب بڑا ہی دردناک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے دہشت گرد تنظیموں کو اسپانسر کرتا ہے اور بھارت دنیا میں دہشت گردی پھیلانے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ بھارت سمجھتا ہے کہ ہر مسئلے کو دہشت گردی سے حل کیا جاسکتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کہتے ہیں کہ بھارت اپنی دہشت گردی کو چھپانے کےلیے دوسروں پر الزام لگاتا ہے، بھارت ایسے ڈراموں سے اپنی دہشت گردی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، آج کا ہندوستان انکاؤنٹرستان بن چکا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا سیاسی سوال کا جواب دینے سے انکار
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سیاسی سوال کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، سیاسی جماعتوں کو آپس میں سیاسی معاملات حل کرنے چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ریاست ہے تو سیاست ہے، ریاست ہے تو جمہوریت ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ کسی کی سیاست کے لیے نہیں روکی جاسکتی۔

















