قصور: پاک بھارت بین الاقوامی سرحد کے قریب بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق جب کہ ایک شخص زخمی ہوگیا جب کہ تینوں شہری نہتے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے 3 مقامی پاکستانی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے تو بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے انہیں بغیر وارننگ فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری جاں بحق جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق جٹاں والی حویلی، لدھڑ سے بتایا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع بتاتے ہیں کہ تینوں افراد نہتے تھے اور ان میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے بھی فالس فلیگ آپریشن کی روش کو زندہ رکھتے ہوئے معصوم شہریوں کو در انداز قرار دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر فائرنگ کا واقعہ بارڈر معاہدے اور طے شدہ ایس او پیز کی خلاف ورزی ہے۔

















