Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے آج سے لانگ مارچ کا اعلان کردیا

‘آج گنڈی چوک لکی مروت سے ہم لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ شروع کریں گے’

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ کا آغاز آج لکی مروت کے گنڈی چوک سے ہوگا جہاں مختلف اضلاع سے آنے والے قافلے دوپہر 1 بجے مارچ میں شامل ہوں گے۔

سہیل آفریدی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے عوام کے علاوہ بنوں اور لکی مروت سے آنے والے قافلے بھی گنڈی چوک پہنچ کر لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ لانگ مارچ کا قافلہ رات کے قیام کے لیے کرک کے قریب رکے گا جبکہ 5 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کرک کے عوام مارچ میں شامل ہوں گے۔ کرک سے قافلہ ساڑھے 12 بجے روانہ ہوگا اور اگلا پڑاؤ کوہاٹ کے قریب ہوگا۔

شیڈول کے مطابق 6 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کوہاٹ، ہنگو، کرم اور اورکزئی کے عوام مارچ میں شریک ہوں گے جس کے بعد قافلہ پشاور کی جانب روانہ ہوگا اور رات مٹنی کے قریب قیام کرے گا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ7 اکتوبر کو پشاور کے علاقے بڈھ بیر سے دوپہر ساڑھے 12 بجے مارچ دوبارہ روانہ ہوگا۔ اس موقع پر خیبر ضلع سے تعلق رکھنے والے افراد بھی قافلے میں شامل ہوں گے جبکہ پشاور کے مختلف علاقوں کے لوگ کوہاٹ روڈ برج اور موٹر وے ٹول پلازہ کے مقامات پر مارچ کا حصہ بنیں گے۔ رات کا قیام چارسدہ انٹرچینج کے قریب ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ 8 اکتوبر کو چارسدہ انٹرچینج سے دوپہر ساڑھے 12 بجے لانگ مارچ روانہ ہوگا جہاں چارسدہ اور مہمند اضلاع کے عوام قافلے میں شامل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق 8 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے آنے والے تمام قافلے خیرآباد کے مقام پر جمع ہوں گے اور وہیں رات قیام کریں گے۔ خیرآباد میں ہی لانگ مارچ کے اگلے مرحلے کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں