Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی نواز شریف سے ملاقات؛ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات پر گفتگو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف جاتی امراء پہنچ گئے جہاں انہوں نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان وزیر داخلہ سے ہونے والی ملاقات اور اس میں زیرِ بحث آنے والے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

‘خیبرپختونخوا حکومت کی ہٹ دھرمی اور ضد کی وجہ سے مذاکرات ناکام ہوئے’

یاد رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن اراکین پر بیرونی دباؤ کی وجہ سے کئی بار ڈیڈلاک آیا، حکومتی کمیٹی مکمل بااختیار تھی اور مسلسل لچک دکھاتی رہی تاہم اپوزیشن کمیٹی کے اراکین محمود اچکزئی اور سہیل آفریدی کے نامناسب مطالبات پر دباؤ میں آگئے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کی ناکامی کی بڑی وجہ اپوزیشن قیادت اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان شدید اختلافات بھی تھے، اپوزیشن اراکین انسداد دہشت گردی کے بارے میں وفاق اور ریاستی پالیسیوں کے مطابق چلنے پر تیار تھے جبکہ خیبرپختونخوا حکومت نے تعاون سے انکار کردیا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع میں وفاقی حکومت کی مدد سے بھی انکار کردیا، مذاکراتی کمیٹی کے لیے حیران کن تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق کے ساتھ چلنے کو کیوں تیار نہیں۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے معاہدے پر اتفاق رائے سے قبل ہی لانگ مارچ کا بار بار بیان دیا، حکومت اور ادارے باقی امور پر لچک دکھانے کو تیار تھے تاہم خیبرپختونخوا حکومت کی ہٹ دھرمی اور ضد کی وجہ سے مذاکرات ناکام ہوگئے۔

متعلقہ خبریں