Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

72 سالہ جیکی چن کا نیا انداز؛ باسکٹ بال کورٹ میں بھی چھا گئے

جیکی چن نے باسکٹ بال شاٹ لگا کر مداحوں کو حیران کردیا

ہانگ کانگ کے معروف ایکشن اسٹار جیکی چن نے 72 سال کی عمر میں باسکٹ بال کورٹ پر کامیاب شاٹ لگا کر تقریب میں موجود شائقین کو حیران کردیا۔

جیکی چن نے 7 سے 11 اکتوبر تک میکاؤ کے وینیٹین کوٹائی ایکسپو میں منعقد ہونے والے این بی اے ہاؤس 2026 فین فیسٹیول میں شرکت کی۔ یہ ایونٹ این بی اے چائنا گیمز 2026 کے سلسلے میں منعقد کیا گیا جس میں باسکٹ بال کے ساتھ موسیقی، تفریح اور فیشن سے متعلق سرگرمیاں بھی شامل تھیں۔

تقریب کے دوران باسکٹ بال شوٹنگ کوچ کرس میتھیوز نے جیکی چن کو شاٹ لگانے کے حوالے سے چند مفید مشورے دیے۔ اس کے بعد اداکار نے کورٹ میں اتر کر اپنی مہارت آزمائی اور طویل فاصلے سے گیند باسکٹ میں پھینک دی۔ پہلی ہی کوشش میں کامیابی پر جیکی چن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں بازو بلند کردیے جبکہ حاضرین نے تالیوں اور نعروں سے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (این بی اے) نے بھی جیکی چن کی اس کامیاب کوشش کو سوشل میڈیا پر نمایاں کیا اور کہا کہ اداکار نے چیلنج قبول کرتے ہوئے جمپ شاٹ لگایا اور پہلی کوشش میں ہی کامیابی حاصل کرلی۔

فین فیسٹیول کے علاوہ جیکی چن نے وینیٹین ایرینا میں ہیوسٹن راکٹس اور ڈلاس ماورکس کے درمیان این بی اے چائنا گیمز 2026 کا پری سیزن میچ بھی دیکھا۔

جیکی چن کی باسکٹ بال کھیلنے کی ویڈیو نے شائقین کی توجہ حاصل کی جبکہ ان کی پھرتی اور کھیل میں دلچسپی کو بھی سراہا گیا۔

متعلقہ خبریں