راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و روس کے درمیان دوطرفہ سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور رابطہ کاری بہتر بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ روسی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا جن کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو بھی سراہا۔

















