Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پشاور اسکول حادثہ؛ جاں بحق بچوں کی تعداد 27 ہوگئی، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

پاک فوج اور دیگر ریسیکو اداروں کے جوان ملبے میں دبے بچوں اور دیگر اسٹاف کو نکال کر اسپتال منتقل کر رہے ہیں

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نیتجے میں 27 بچے اور ایک ٹیچر جاں بحق جبکہ 47 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق دیر کالونی کے علاقے میں واقع ایک نجی اسکول کی چھت گرنے سے طلبہ اور اساتذہ ملبے تلے دب گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمیوں میں طلبا اور اساتذہ شامل ہیں، اسکول کی عمارت کا ملبہ ہٹایا جا رہا ہے اور مزید بچوں اور عملے کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

اسپتال ترجمان کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں خاتون ٹیچر سمیت 17 لاشیں لائی گئی جبکہ جاں بحق تمام بچوں کی عمریں 13 سال تک ہے۔

بعد ازاں ریسکیو 1122 نے ایمبولینسز کے ذریعے 40 سے زائد زخمی طلبہ اور اساتذہ کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

 ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال

لیڈی ریڈنگ اسپتال ایم ٹی آئی کے ترجمان محمد عاصم نے بتایا ہے کہ دیر کالونی واقعے کے 17 بچوں کو مردہ حالت میں ایل آر ایچ لایا گیا، ایل آر ایچ میں ایمرجنسی نافز کر دی گئی ہے اور اس وقت انتظامیہ خود بھی ٹراما حال میں موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جس میں کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔

پاک فوج اور دیگر اداروں کا ریسکیو آپریشن جاری

پشاور میں الخیر اسکول کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے پیش نظر فوج اور دیگر ریسکیو اداروں کا ریسیکو آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے جوان دیگر ریسکیو اور دیگر ریلیف اداروں کے ہمراہ شانہ بشانہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، ملبے میں دبے بچوں اور دیگر اسکول اسٹاف کو ریسکیو کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

پاک فوج اور دیگر ریسیکو اداروں کے جوان ملبے میں دبے بچوں اور دیگر اسٹاف کو نکال کر اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کی امدادی کارروائیاں تیر کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے  افسوس ناک واقعے میں معصوم بچوں سمیت جاں بحق ہونے والوں کی بلند درجات کی دعا کی۔

شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور ان کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔

وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اظہار افسوس

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے معصوم طلبہ کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

 مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ اسکول کی چھت گرنے سے جاں بحق بچوں کے غمزدہ والدین کے دکھ کو سمجھ سکتی ہوں۔

‘معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ناقابلِ تلافی نقصان ہے’

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور اسکول حادثہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلانے والا ہے، معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ناقابلِ تلافی نقصان ہے، حادثے میں معصوم بچوں کی اموات پر دلی صدمہ پہنچا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے جاں بحق بچوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

واقعے کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ پشاور کے دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے سے معصوم بچوں کا المناک نقصان انتہائی دلخراش ہے، میں نے ایجوکیشن ایڈوائزر کو واقعے کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کا ساختیاتی تحفظ آڈٹ کرنے کی ہدایت دی ہے۔

گورنر کے پی نے مزید کہا کہ ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی جائے اور جہاں ضروری ہو فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں، ہم اپنے بچوں کی حفاظت کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے، سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے، زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔

متعلقہ خبریں