بنکاک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی بینک کے صدر اجے بانگا سے غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق تھائی لینڈ کے وزیراعظم کی جانب سے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاسوں میں شریک شخصیات کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا جہاں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور عالمی بینک کے صدر اجے بانگا کی ملاقات ہوئی۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس 2026 بنکاک میں جاری ہیں جن کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
عشائیے کا مقصد عالمی مالیاتی اجلاسوں میں شریک رہنماؤں کو غیر رسمی ماحول میں باہمی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرنا تھا۔
















