اسلام آباد: ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری عازمین حج کے واجبات کی دوسری قسط جمع کروانے کے لیے 4 دن باقی رہ گئے ہیں۔
عازمین حج اپنی درخواست منسوخ ہونے سے بچانے کے لیے 20 اکتوبر سے قبل واجبات کی ادائیگی مکمل کرلیں۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ دوسری قسط جمع کروانے کے لیے قومی ادارہ برائے اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے حج پورٹل یا پاک حج موبائل ایپ استعمال کریں۔
حج پورٹل پر ادائیگی بینک کارڈ، ون لنک یا دستی بینک چالان کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ ترجمان کے مطابق مقررہ وقت میں واجبات جمع نہ کروانے کی صورت میں حج درخواست منسوخ ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے عازمین بروقت ادائیگی یقینی بنائیں۔
طبی فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی
ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ عازمین حج کے لیے طبی فٹنس سرٹیفکیٹ کی تصدیق بھی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے حج پورٹل پر موجود سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرکے ڈاکٹر سے تصدیق کروانا ہوگی۔
تصدیق شدہ طبی فٹنس سرٹیفکیٹ حج پورٹل پر دوبارہ اپ لوڈ کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین کو مزید ہدایات اور تازہ معلومات کے لیے قومی ادارہ برائے اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی تیار کردہ پاک حج موبائل ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔


















