غذا کے بارے میں عام خیال ہے کہ وہ مختصر وقت کے لیے محفوظ کی جاسکتی ہیں اورجلد خراب ہوجاتی ہیں تاہم آپ کو جان کر حیرت ہوگی کچھ غذائیں ایسی بھی ہیں جو کبھی خراب نہیں ہوتی۔
یہ مضمون ایسی غذاؤں کے بارے میں ہے جو کئی سال تک محفوظ رہ سکتی ہیں یہ بات یاد رکھیں کہ کسی غذا کا کبھی ختم نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ہر حالت میں ہمیشہ محفوظ رہتی ہے۔ اسے درست طریقے سے محفوظ کرنا بھی ضروری ہے۔
سفید چاول
سفید چاول مناسب حالات میں کئی دہائیوں تک محفوظ رہ سکتے ہیں بشرطیکہ انہیں ہوا بند جار میں ٹھنڈی اور خشک جگہ پر رکھا جائے اس کے برعکس بھورے چاول میں قدرتی تیل موجود ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ نسبتاً جلد خراب ہو جاتے ہیں۔
شہد
خالص شہد ان چند غذاؤں میں سے ایک ہے جو انتہائی طویل عرصے تک محفوظ رہ سکتی ہیں اگر شہد کو اچھی طرح بند کرکے نمی سے محفوظ رکھا جائے تو یہ بہت طویل عرصے تک قابلِ استعمال رہ سکتا ہے۔ شہد کا جم جانا یا اس کا رنگ گہرا ہونا لازماً خراب ہونے کی علامت نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سبزی جاتی غذا ایک ماہ میں جینز کے کام کرنے کے انداز کو بدل سکتی ہے، تحقیق
میپل سیرپ
خالص میپل سیرپ اگر بند ہو اور مناسب طریقے سے محفوظ رکھا جائے تو طویل عرصے تک کار آمد رہتا ہے لیکن بوتل کھولنے کے بعد عموماً اسے فریج میں رکھنا ضروری ہوتا ہے تاکہ اس پر پھپھوندی نہ لگے یہ ہر حالت میں ہمیشہ محفوظ نہیں رہتا۔
ڈبہ بند کوکونٹ ملک
ڈبے میں بند کوکونٹ ملک عموماً کئی ماہ سے لے کر چند سال تک محفوظ رہ سکتا ہے، جس کا انحصار اس کی قسم اور پیکنگ پر ہوتا ہے اسے ٹھنڈی اور خشک جگہ پر رکھیں۔ اگر ڈبہ پھولا ہوا، رسنے والا، بہت زیادہ زنگ آلود یا گہرا دبا ہوا ہو تو اسے استعمال نہ کریں۔
سویا ساس
سویا ساس کو فرمینیشن کے عمل اور نمک کی زیادہ مقدار کی وجہ سے طویل عرصے تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے اگر بوتل بند ہو تو یہ کافی عرصے تک اچھی حالت میں رہ سکتا ہے بوتل کھولنے کے بعد بھی اسے فریج میں رکھنے سے ایک سال سے زیادہ عرصے تک اس کا معیار برقرار رہ سکتا ہے۔
خشک لوبیا
خشک لوبیا طویل عرصے تک رکھنے کے بعد خشک لوبیا کا ذائقہ اور پکنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے، لیکن بعض مطالعات کے مطابق مناسب حالات میں یہ 30 سال بعد بھی کھانے کے قابل رہ سکتی ہے۔
خشک لوبیا ہنگامی حالات کے لیے خوراک ذخیرہ کرنے کا ایک اچھا انتخاب ہے اگرچہ بہت پرانے لوبیا کو گلانے کے لیے زیادہ وقت درکار ہو سکتا ہے۔
زیتون
زیتون کو مختلف کھانوں ہلکی پھلکی غذاؤں اور مشروبات کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے بند جار میں موجود زیتون مناسب حالات میں تقریباً تین سال تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اصل مدت کا انحصار پیکنگ، تیاری اور درج شدہ تاریخ پر ہوتا ہے۔
نمک
نمک ایسی چیز ہے جو مناسب طریقے سے محفوظ رکھنے پر تقریباً کبھی خراب نہیں ہوتا یہ کھانے کو محفوظ رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ بس اسے نمی سے بچائیں تاکہ وہ گیلا نہ ہو اور اس میں گٹھلیاں نہ بنیں۔
پاپ کارن
تیار شدہ پاپ کارن کچھ وقت بعد باسی ہو سکتا ہے، لیکن اس کے خشک دانے مناسب ذخیرہ کرنے پر کئی سال تک استعمال کے قابل رہ سکتے ہیں انہیں ہوا بند ڈبے میں خشک جگہ پر رکھیں تاکہ وہ نمی جذب نہ کریں۔
چینی
اگر چینی کو ہوا بند برتن میں رکھا جائے اور اسے پانی، نمی اور کیڑوں سے بچایا جائے تو یہ تقریباً غیر معینہ مدت تک استعمال کے قابل رہ سکتی ہے البتہ اس کی ساخت بدل سکتی ہے اور گٹھلیاں بن سکتی ہیں۔
خشک پھل
خشک پھل جتنی ٹھنڈی جگہ پر رکھے جائیں اتنی ہی دیر تک اچھے رہ سکتے ہیں کمرے کے درجۂ حرارت پر عموماً تقریباً 6 ماہ جبکہ فریج میںتقریباً 2 سال تک رہ سکتے ہیں۔
سرکہ
سرکے میں تیزابی اجزا ہوتے ہیں جو اسے طویل عرصے تک محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں سرکے کی شیلف لائف کو تقریباً غیر معینہ مدت قرار دیا جاتا ہے۔ بعض اقسام کا رنگ وقت کے ساتھ بدل سکتا ہے، لیکن عموماً اس کا معیار برقرار رہتا ہے۔
ونیلا ایکسٹریکٹ
خالص ونیلا ایکسٹریکٹ میں موجود الکحل اسے طویل عرصے تک محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہے اگر اسے اچھی طرح بند کرکے رکھا جائے تو یہ بہت طویل عرصے تک استعمال کے قابل رہ سکتا ہے۔ خالص ونیلا ایکسٹریکٹ اور مصنوعی ونیلا فلیور کی شیلف لائف مختلف ہو سکتی ہے۔
خشک دودھ یا ملک پاؤڈر
خشک دودھ تازہ دودھ کے مقابلے میں زیادہ عرصے تک محفوظ رہ سکتا ہے بند پیکٹ میں یہ تقریباً 2 سے 10 سال تک محفوظ رہ سکتا ہے، لیکن یہ مدت ہر قسم کے دودھ کے پاؤڈر کے لیے یکساں نہیں ہے اسے ٹھنڈی، خشک جگہ پر رکھیں اور پیکٹ پر درج تاریخ اور ہدایات پر عمل کریں۔
کینولا آئل
کینولا آئل عام طور پر الماری میں کئی ماہ تک اچھی حالت میں رہ سکتا ہے۔ فریج میں رکھنے سے اس کی عمر بڑھ سکتی ہے، لیکن یہ غیر معینہ مدت تک محفوظ نہیں رہتا اگر تیل کی بو، رنگ یا ذائقہ غیر معمولی ہو جائے تو اسے استعمال نہ کریں۔
انسٹنٹ کافی
انسٹنٹ کافی ہنگامی حالات میں کافی بنانے کے لیے مفید ہے اسے ٹھنڈی اور خشک جگہ پر اچھی طرح بند برتن میں رکھنے سے کئی سال تک محفوظ رکھی جا سکتی ہے تاہم وقت کے ساتھ اس کا ذائقہ اور خوشبو کم ہو سکتے ہیں۔
پروٹین پاؤڈر
اگر آپ پروٹین پاؤڈر کبھی کبھار استعمال کرتے ہیں تو اسے الماری میں کافی عرصے تک رکھنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
مضمون کے مطابق، وہے پروٹین پاؤڈر تقریباً 18 ماہ تک چل سکتا ہے۔ اصل مدت کمپنی، اجزا، پیکنگ اور ذخیرہ کرنے کے طریقے پر منحصر ہے۔
کارن اسٹارچ
کارن اسٹارچ مختلف کھانوں کو گاڑھا کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہےاسے ٹھنڈی، خشک جگہ پر ہوا بند برتن میں رکھا جائے تو یہ کئی سال تک استعمال کے قابل رہ سکتا ہے۔
ناریل کا تیل
ناریل کا تیل کھانا پکانے اور دیگر کاموں میں استعمال ہوتا ہے۔ لیکن یہ بھی ہمیشہ کے لیے محفوظ نہیں رہتا اس کی مدت کا انحصار تیل کی قسم، تیاری اور ذخیرہ کرنے کے طریقے پر ہوتا ہے۔ اسے گرمی، روشنی اور نمی سے بچا کر رکھیں۔
















