واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جلد ہی تہران کو دوبارہ نشانہ بنا سکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچا چکا ہے تاہم مزید کارروائی کا امکان بھی موجود ہے۔
امریکی وسط مدتی انتخابات پر جنگ کے ممکنہ اثرات سے متعلق سوال کے جواب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بعض ووٹرز ان کے اقدامات کو پسند کر سکتے ہیں کیونکہ ان کے بقول وہ وہی اقدامات کر رہے ہیں جو سابق صدور کو کرنے چاہیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری جانب کچھ لوگ جنگ کے اثرات کو پسند نہیں بھی کرسکتے، کیونکہ ایسے فیصلوں کی ایک قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ ایران کے خلاف کارروائی شروع کرتے وقت ہی ممکنہ سیاسی اثرات کا اندازہ تھا تاہم امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔
اس سے قبل امریکی صدر ایران کے ساتھ مذاکرات کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہو رہی اور تنازع کے حوالے سے جلد کوئی پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا فوجی اور مالی دونوں محاذوں پر ایران کے خلاف بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے۔



















