کہتے ہیں کہ اگر انسان کچھ کرنے کی ٹھان لیں تو اس کے سامنے ہر رکاوٹ ریت کا ڈھیر ثابت ہوتی ہے چاہے وہ عمرکے کسی بھی حصے میں کیوں نہ ہو، ایسا ہی ایک کارنامہ امریکا کی 90 سالہ ایتھلیٹ نے انجام دیا جس نے دنیا کو حیران کردیا۔
امریکی اسٹیٹ اوہائیو سے تعلق رکھنے والی 90 سالہ ایتھلیٹ این کرائل ایسل اسٹن نے تقریباً 3 منٹ تک “ڈیڈ ہینگ” پوزیشن برقرار رکھ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔
خیال رہے کہ ڈیڈ ہینگ ایک سادہ اور انتہائی موثر ورزش ہے جہاں آپ بازوؤں کو مکمل طور پر بڑھا کر کسی پائپ کوتھام جسم کو نرمی کے ساتھ لٹکاتے ہیں تاکہ ہاتھوں کی گرفت مضبوط ہو اور اس طرح کندھے کی نقل و حرکت اور ریڑھ کی ہڈی کی صحت کو بہتر بنایا جاسکے تاہم اس کا دورانیہ 30 سیکنڈ سے لے کر 2 منٹ تک ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ایسل اسٹن کی عمر 90 سال اور 231 دن تھی جب انہوں نے 2 منٹ اور 52 سیکنڈ تک ڈیڈ ہینگ پوزیشن برقرار رکھ کر یہ کارنامہ انجام دیا۔
انہوں نے اینی جوڈِس کا سابقہ ریکارڈ توڑ کر یہ عالمی اعزاز اپنے نام کیا ہے جنہوں نے 2024 میں 81 سال کی عمر میں یہی کارنامہ انجام دیا تھا۔
ایسل اسٹن 10 مختلف کھیلوں میں مہارت رکھتی ہیں جبکہ اس کے ساتھ ہی کوچنگ کے فرائض بھی انجام دیتی رہی ہیں تاہم اس ریکارڈ کی تیاری انہوں نے فروری میں شروع کی تھی۔
ایسل اسٹن نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا میرے لیے ریکارڈ بنانے کی کوشش کرنا ایک نیا تجربہ تھا اور اس طرح سراہا جانا بھی، کیونکہ میں نے اپنی زندگی اپنے چار بچوں اور 10 پوتے پوتیوں کی مختلف کھیلوں میں کامیابیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے گزاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی 90 سالہ زندگی میں کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا میں اس عمر میں یہ کارنامہ انجام دے سکوں گی۔




















