پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ سے متعلق جاری تنازع پر ایک بار پھر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے صلح، مالی معاملات اور مبینہ دھمکیوں سے متعلق اپنا مؤقف بیان کیا ہے۔
مومنہ اقبال نے حالیہ پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران کہا کہ میں نے معاملہ ختم کرنے اور صلح کی بہت کوشش کی، صلح کے لیے میری واحد شرط یہ تھی کہ ثاقب چدھڑ عوام کے سامنے حقیقت بیان کریں تاہم مجھے دباؤ میں لانے کے ساتھ بلیک میل کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔
مومنہ اقبال نے کہا کہ حکومت میں موجود بعض بااثر شخصیات نے مجھے فون کرکے رقم کی پیشکش کی جبکہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ میں نے خاموشی اختیار کرنے کے لیے رقم وصول کی، مجھے یا میرے شوہر کو کسی قسم کی رقم نہیں دی گئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ابتدا میں ثاقب چدھڑ نے معذرت پر مبنی ویڈیو جاری کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی اور مجھ سے عدالت میں بیان نہ دینے کی درخواست بھی کی تھی تاہم بعد میں مبینہ طور پر یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ معاملہ عوام کے سامنے آنے سے دونوں کی بدنامی ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں جانب کے وکلا نے بھی معاملہ ختم کرنے کے حوالے سے بات چیت کی جبکہ میری بہن کو بھی ماضی کے تعلق کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملہ ختم کرنے کا پیغام بھیجا گیا تاہم میری بہن نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ میں نے ثاقب چدھڑ کے خلاف ہراسانی، بلیک میلنگ، سائبر بُلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرایا تاہم عدالت میں ان الزامات کے بجائے سابقہ تعلق اور دیگر معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔
مومنہ اقبال نے کہا کہ بعض خاندانوں میں خواتین کے ساتھ سخت رویے کو معمول سمجھا جاتا ہے اور اسی خاندانی سوچ کے اثرات بعض افراد کے رویوں میں بھی دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ میرے نزدیک ’’ریجیکشن کا مطلب ریجیکشن ہوتا ہے‘‘، خواہ کوئی لڑکی نکاح سے ایک روز قبل بھی رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کرے۔ میں گزشتہ چار برس سے اس صورتحال کے باعث ذہنی اذیت اور صدمے سے گزر رہی ہوں۔
مومنہ اقبال نے مزید دعویٰ کیا کہ ثاقب چدھڑ کی سیاسی مہم کے آغاز کے وقت میں نے ان کی مدد کی، فوٹو شوٹس کروائے اور گرومنگ میں بھی کردار ادا کیا۔ 2017ء سے اب تک ثاقب چدھڑ کی شخصیت اور ظاہری حلیے میں نمایاں تبدیلی دیکھی جاسکتی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انتخابات کے دوران ثاقب چدھڑ سے متعلق گردوں کی مبینہ اسمگلنگ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ان کے والد نے یہ تعلق ختم کردیا جس کے بعد دونوں جانب سے الزام تراشی کا سلسلہ شروع ہوا۔
مومنہ اقبال کے مطابق تعلق ختم کرنے اور اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کے دوران مجھے مبینہ طور پر دھمکیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔















