معروف یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے تاہم ان پر بچوں کے جنسی استحصال جیسے سنگین معاملے کو مذاق کے طور پر پیش کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔
رجب بٹ ان دنوں مختلف ڈیجیٹل کریئیٹرز کے ساتھ ٹک ٹاک لائیو سیشنز میں شرکت کر رہے ہیں، ایسے ہی ایک لائیو سیشن کے دوران زید علی کے چہرے کے تاثرات پر تبصرہ کرتے ہوئے رجب بٹ نے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق نامناسب جملہ بطور مذاق استعمال کیا۔
لائیو سیشن کی ویڈیو کا مذکورہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے رجب بٹ کے بیان کو غیر حساس اور نامناسب قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
View this post on Instagram
ایک انسٹاگرام پیج نے بھی یہ کلپ شیئر کرتے ہوئے تنقید کی کہ بچوں کے جنسی استحصال جیسے سنگین جرم کو مذاق کا موضوع بنانا متاثرین کے ساتھ ہونے والے صدمے کی سنگینی کو کم کرنے کے مترادف ہے اور معاشرے میں ایسے جرائم کے حوالے سے حساسیت متاثر ہو سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے رجب بٹ کے الفاظ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ذمہ دارانہ زبان استعمال کرنے پر زور دیا۔
بعض صارفین نے متعلقہ حکام سے معاملے کا نوٹس لینے، رجب بٹ کے خلاف کارروائی اور ان کے مواد پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
















