پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے شوہروں کے اپنی بیویوں کے ساتھ رویے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں بہت سے مرد دوستوں کی محفل میں اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں۔
ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ بیوی کا مذاق اڑانے کا رجحان ہمارے دیسی معاشرے میں زیادہ نظر آتا ہے جبکہ مغربی معاشروں میں اس طرح کا رویہ نسبتاً کم دکھائی دیتا ہے۔
اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر بیوی سب کے سامنے شوہر کو کوئی مشورہ دے تو بعض اوقات شوہر فوری طور پر اسے یہ کہہ دیتا ہے کہ ’’اپنے مشورے اپنے پاس رکھو‘‘ یا ’’تمہیں کچھ نہیں آتا‘‘ حالانکہ اختلاف کی صورت میں شوہر بعد میں بھی مناسب انداز میں اپنی بات سمجھا سکتا ہے۔
View this post on Instagram
سنیتا مارشل نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں مردوں کی ذہن سازی اس انداز میں کی جاتی ہے کہ بیویاں شوہروں سے کمتر ہیں جس کے اثرات ازدواجی تعلقات میں بھی نظر آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیویاں عموماً شوہروں سے احترام کے ساتھ ’’آپ‘‘ کہہ کر بات کرتی ہیں جبکہ شوہر اکثر بیوی کو ’’تم‘‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ اس کے پیچھے یہ سوچ کارفرما ہوتی ہے کہ بیوی شوہر سے کمتر یا چھوٹی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اسی ذہنیت کے باعث بعض شوہروں کو یہ احساس ہوتا ہے کہ وہ اپنی بیوی کا دوسروں کے سامنے مذاق اڑا سکتے ہیں جو مناسب رویہ نہیں۔














