پاکستانی اداکارہ صبا فیصل کے طلاق اور خواتین کے کردار سے متعلق حالیہ بیان پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں صبا فیصل نے پاکستانی معاشرے میں طلاق کے حوالے سے بدلتے ہوئے رویوں پر گفتگو کی۔
انہوں نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے طلاق کو خاندان کے لیے ایک بڑا بحران تصور کیا جاتا تھا اور والدین اس صورتحال کو سماجی طور پر شرمندگی اور پریشانی کے ساتھ دیکھتے تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ماضی میں طلاق کے بعد خاندان ایک طویل عرصے تک سوگ کی کیفیت میں رہتے تھے یہاں تک کہ بعض والدین لوگوں کا سامنا کرنے سے بھی گریز کرتے تھے۔
View this post on Instagram
صبا فیصل نے ماضی اور موجودہ دور کے رویوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ آج خواتین طلاق کے بعد نسبتاً جلد اپنی معمول کی زندگی کی جانب واپس آجاتی ہیں اور اپنی سرگرمیاں جاری رکھتی ہیں جن میں سفر کرنا بھی شامل ہے۔ طلاق کو معاشرے میں زیادہ قبول کیے جانے کا رجحان سماجی اقدار میں تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔
صبا فیصل کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔ اسی بحث کے دوران اداکارہ زویا ناصر نے ان کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے اسے ’’خطرناک اور مسخ شدہ بیانیہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ان کے پاس اس حوالے سے بہت کچھ کہنے کے لیے ہے۔
صبا فیصل کے بیان اور اس پر سامنے آنے والے ردعمل کے بعد سوشل میڈیا پر طلاق، خواتین کے حقوق اور بدلتی ہوئی معاشرتی اقدار کے حوالے سے بحث جاری ہے۔















