سعودی عرب میں پاکستانی عازمین حج کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 ہزار 77 عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک سعودی عرب پہنچنے والے پاکستانی حجاج کی مجموعی تعداد 56 ہزار 272 ہوچکی ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ اس وقت پاکستانی عازمین کی بڑی تعداد مکہ مکرمہ میں موجود ہے، جہاں مجموعی حجاج کا تقریباً 80 فیصد قیام پذیر ہے، جبکہ 20 فیصد عازمین مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔
حجاج کرام کی سہولت، رہنمائی اور خدمات کیلئے خدام الحجاج اور معاونین پر مشتمل خصوصی عملہ مسلسل متحرک ہے۔ وزارت کے مطابق مجموعی طور پر 1259 اہلکار مختلف امور سرانجام دے رہے ہیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب بڑھتے ہوئے رش کے پیش نظر میڈیکل اور تکنیکی ٹیموں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق طبی و تکنیکی عملے کی تعداد 438 سے بڑھا کر 467 کردی گئی ہے تاکہ ہنگامی صورتحال اور طبی سہولیات کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں عازمین کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ انتظامات بھی مزید بہتر کیے گئے ہیں اور بسوں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ حجاج کو آمدورفت میں آسانی میسر آسکے۔



















