راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے مقابل پاک افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی جس کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور صبر و تحمل سے خوارج کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریباً 36 گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 15 خوارج ہلاک ہوئے۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج بتایا کہ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم مزید بے نقاب ہوگئے، افغان طالبان حکومت دہشت گرد عناصر کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام اور بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام ہے، پاکستانی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیرمتزلزل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، غیرملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
















