پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان موجودہ قرض پروگرام کے جائزہ مذاکرات کل سے شروع ہوں گے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچ رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں موجودہ قرض پروگرام کی پانچویں قسط کے حصول پر بات چیت ہوگی، جبکہ آئی ایم ایف مشن کے ساتھ آرٹیکل فور کے جائزہ مذاکرات بھی متوقع ہیں۔
آرٹیکل فور کے جائزہ مذاکرات کے دوران پاکستان کی معیشت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ پاکستان کی جون 2026 تک کی معاشی کارکردگی پر آئی ایم ایف کو بریفنگ دی جائے گی، جبکہ اسٹرکچرل بینچ مارکس کے تحت مقرر کیے گئے اہداف پر بھی مذاکرات ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان معاشی اصلاحات کے اہداف سے متعلق آئی ایم ایف سے بات چیت کرے گا۔ مذاکرات میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، بجلی اور گیس کے شعبوں کے سرکلر ڈیٹ سے متعلق اہداف بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستان کو موجودہ پروگرام کے تحت 1.2 ارب ڈالر تک کی رقم ملنے کا امکان ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر کی اضافی معاونت ملنے کی بھی توقع ہے۔
پاکستان نے 37 ماہ پر مشتمل موجودہ آئی ایم ایف پروگرام ستمبر 2024 میں حاصل کیا تھا۔ پروگرام کے تحت پہلی ایک ارب ڈالر کی قسط ستمبر 2024 میں، دوسری ایک ارب ڈالر کی قسط مئی 2025 میں، جبکہ تیسری قسط 11 دسمبر 2025 کو موصول ہوئی تھی۔
















