لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے لندن اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کرکے مارکیٹ اوپننگ تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستان میں معاشی اصلاحات اور اقتصادی استحکام کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی مالیاتی اداروں کو ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں وسعت کی دعوت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں لندن اسٹاک ایکسچینج میں مدعو کیے جانے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چند برسوں کے دوران معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں اور اقتصادی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے حال ہی میں 2 ارب ڈالر مالیت کے یوروبانڈ جاری کیے جانے کو عالمی کیپٹل مارکیٹس میں پاکستان کی واپسی کی مثال قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگر خلیجی بحران پیدا نہ ہوا ہوتا تو پاکستان تیزی سے آگے بڑھ چکا ہوتا۔ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان امن کی کوششوں میں سہولت کاری کے لیے بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے۔
وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر حکومتی حکام کی جانب سے معیشت کی مضبوطی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ اور مستحکم اقتصادی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے درست سمت میں اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
دوسری جانب لندن کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بڑے عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ چائلڈ اینڈ کمپنی شامل ہیں۔
ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے، میکرو اکنامک استحکام، سرمایہ کاری کے مواقع اور عالمی مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بارکلیز کے برطانیہ میں پرائیویٹ بینکنگ اور ویلتھ مینجمنٹ کے سربراہ محمد کمال سید سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں بینک کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
شہباز شریف نے بارکلیز کے وفد کو حکومت کے معاشی استحکام کے اقدامات سے آگاہ کیا اور مالیاتی و کاروباری شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
جے پی مورگن کے شریک چیف ایگزیکٹو میتھیو زیمز کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیپٹل مارکیٹس، تجارتی فنانسنگ اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے جے پی مورگن کو پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کی دعوت دی جب کہ وفد نے پاکستان کی خودمختار قرض مارکیٹ اور کارپوریٹ بینکنگ کے شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے سٹی کے چیف کلائنٹ آفیسر ڈیوڈ لیونگ اسٹون کی قیادت میں وفد سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان میں سٹی کی طویل عرصے سے موجودگی کو سراہتے ہوئے کارپوریٹ اور ادارہ جاتی بینکنگ سروسز کو مزید وسعت دینے کی حوصلہ افزائی کی۔
بلیک راک کے نمائندوں سے ملاقات میں وزیراعظم نے سرمایہ کاری فرم کو فرنٹیئر مارکیٹس حکمت عملی کے تحت پاکستانی ایکویٹیز اور فکسڈ انکم اثاثوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
ملاقات میں پالیسیوں کے تسلسل کو سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لارڈ مارک سیڈول اور برطانیہ کے انویسٹمنٹ بینکنگ کے سربراہ مجید اسحاق سے بھی ملاقات کی۔
ملاقاتوں میں پاکستان کی جیو اکنامک ترجیحات، کیپٹل مارکیٹس اور سرمایہ کاری کی حکمت عملیوں کے حوالے سے ممکنہ مشاورتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

















