Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کے سانحے کا مقدمہ درج؛ مالکان اور ٹھیکیدار نامزد

‘مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے’

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں اسکول کی چھتیں گرنے کے افسوسناک حادثے کا مقدمہ تھانہ آغا میر جانی شاہ میں درج کر لیا گیا جس میں اسکول مالکان، شیئر ہولڈرز اور عمارت تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق حادثے میں 30 سے زائد بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے جبکہ 52 افراد زخمی ہوئے۔

مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسکول کی عمارت کی تعمیر میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل استعمال کیا گیا اور عمارت بوسیدہ ہونے کے باعث غیر محفوظ تھی۔ دیواروں اور چھتوں کی خستہ حالی کے حوالے سے پہلے بھی شکایات کی گئی تھیں تاہم بچوں کی جانب سے نشاندہی کے باوجود اسکول انتظامیہ اور مالکان نے مبینہ طور پر کوئی کارروائی نہیں کی۔

ایف آئی آر کے مطابق اسکول کی دوسری منزل پر قائم نرسری کلاس اور گراؤنڈ فلور کے کمروں کی چھتیں گرنے سے جانی و مالی نقصان ہوا۔

مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ اسکول کی اراضی 16 مرلے پر مشتمل ہے جو وحید اور جاوید کی ملکیت ہے۔ یہ اراضی 2024 میں لیز پر حاصل کرنے کے بعد اس پر اسکول کی عمارت تعمیر کی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ قتل بالسبب اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 322، 148 اور 149 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں عمارت تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار، مالکان اور شیئر ہولڈرز کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے دیر کالونی اسکول میں چھت گرنے سے 30 سے زائد بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوئی جبکہ 52 افراد زخمی بھی ہوئے۔

متعلقہ خبریں