زمبابوے کے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر برینڈن ٹیلر نے بھارت کے لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر کا طویل عرصے سے قائم ون ڈے ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
آسٹریلیا کے خلاف ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں برینڈن ٹیلر نے زمبابوے کی جانب سے اپنا 208واں ون ڈے میچ کھیلا، تاہم وہ بیٹنگ میں نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے ایک شاندار کیچ بھی پکڑا۔
40 سالہ برینڈن ٹیلر اب مردوں کی ون ڈے کرکٹ میں سب سے طویل کیریئر رکھنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان کے ون ڈے کیریئر کا دورانیہ 22 سال اور 146 دن ہوگیا، جبکہ سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے کیریئر 22 سال اور 91 دن پر محیط تھا۔
سچن ٹنڈولکر البتہ اب بھی ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے 463 ون ڈے میچز میں 18 ہزار 426 رنز بنائے، جو آج بھی ایک بڑا ریکارڈ ہے۔
برینڈن ٹیلر زمبابوے کے کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل وہ 205 اننگز میں 6 ہزار 704 ون ڈے رنز بنا چکے تھے، جن میں 11 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ وہ زمبابوے کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بھی ہیں۔
برینڈن ٹیلر کے بین الاقوامی کیریئر میں نشیب و فراز بھی آتے رہے۔ 2022 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر ان پر ساڑھے تین سال کی پابندی عائد کی تھی۔ پابندی مکمل ہونے کے بعد انہوں نے 2025 میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی۔
یوں آسٹریلیا کے خلاف معمولی اسکور کے باوجود برینڈن ٹیلر نے ایسا ریکارڈ قائم کرلیا جس کا تعلق ان کی انفرادی کارکردگی سے زیادہ ان کے طویل اور پائیدار ون ڈے کیریئر سے ہے۔



















