جاپان کے خلاف بارش سے متاثرہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارتی ٹیم غیر متوقع طور پر شدید مشکلات کا شکار ہوگئی اور صرف 2 رنز کے معمولی فرق سے شکست سے بچ نکلی۔
سانو میں کھیلا گیا میچ بارش کے باعث 5،5 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، تاہم جاپانی بولرز نے عالمی نمبر ایک ٹیم کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور بھارت مقررہ 5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر صرف 32 رنز بناسکا۔
بھارت کی جانب سے کپتان شریاس ایئر 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سنجو سیمسن نے 9 اور ایشان کشن نے 3 رنز بنائے، جبکہ تلک ورما ایک رن پر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر ابھیشیک شرما پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
جاپان کی جانب سے چارلی ہاراہنزے نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2 اوورز میں 17 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابراہیم تاکاہاشی اور بینجمن ایتوڈیوس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
32 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جاپان نے بھارت کو آخری لمحے تک دباؤ میں رکھا، تاہم مقررہ 5 اوورز میں 3 وکٹوں پر 30 رنز تک محدود رہا اور صرف 2 رنز سے میچ گنوا بیٹھا۔
جاپان کے کپتان کینڈل فلیمنگ نے 12، بینجمن ایتوڈیوس نے 9 اور تاکاہاشی نے 3 رنز بنائے۔
میچ میں بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما نے ایک اور ناپسندیدہ ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ وہ پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے اور رواں سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 10ویں مرتبہ صفر پر پویلین لوٹے، یوں انہوں نے پاکستان کے شاداب خان اور افغانستان کے راشد خان کو پیچھے چھوڑ دیا، جو ایک سال میں 9،9 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
بھارت اور جاپان کے درمیان یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ تھا، جس میں جاپانی ٹیم نے مضبوط حریف کے خلاف غیر معمولی مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے کو آخری گیندوں تک دلچسپ بنائے رکھا۔



















