انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کرکٹ کی تازہ ترین عالمی رینکنگ جاری کردی، جس میں پاکستان کے ابرار احمد نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹی20 باؤلرز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
تازہ رینکنگ کے مطابق پاکستان کے محمد نواز ٹی20 باؤلنگ رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ صاحبزادہ فرحان ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر قابض ہیں۔
ون ڈے باؤلرز کی رینکنگ میں بھی ابرار احمد نمایاں ہیں اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ساتویں پوزیشن پر ہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے سلمان علی آغا 13ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹی20 آل راؤنڈرز میں صائم ایوب دوسری جبکہ محمد نواز 11ویں پوزیشن پر ہیں۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کرتے ہوئے دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔ وہ 276 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔
سکندر رضا نے ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بھی پانچ درجے بہتری حاصل کی اور 24ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
آسٹریلیا کے نیتھن ایلس ون ڈے باؤلنگ رینکنگ میں تین درجے بہتری کے بعد 17ویں نمبر پر آگئے، جبکہ جوش انگلس نے ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں 11 درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے 30ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
بھارت کے کپتان شریاس ائیر ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں سات درجے بہتری کے بعد 22ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے ٹی20 باؤلنگ رینکنگ میں شاندار 47 درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی۔ اوورٹن نے کیریئر کی بہترین 674 ریٹنگ بھی حاصل کرلی ہے۔
انگلینڈ کے ول جیکس ون ڈے رینکنگ میں 35 درجے بہتری کے بعد مشترکہ طور پر 37ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ سری لنکا کے دونیتھ ویلالاگے ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں سات درجے بہتری کے بعد 22ویں پوزیشن پر آگئے۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں پانچ درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے چوتھی پوزیشن سنبھال لی۔ وہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بھی تین درجے بہتری کے بعد 12ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
انگلینڈ کے جوز بٹلر نے ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں دو درجے بہتری حاصل کی اور پانچویں پوزیشن پر آگئے۔


















