ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس موبائل ایپس کے لیے متعدد نئی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے جن کا مقصد صارفین کے لیے ہوم پیج کو مزید بہتر بنانا اور پسندیدہ موضوعات سے متعلق ویڈیوز تک رسائی آسان بنانا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’9 ٹو 5 گوگل‘ کی رپورٹ کے مطابق نئی تبدیلیوں میں ایپ کی ٹاپ بار کا نیا ڈیزائن اور صارفین کی دلچسپی کے مطابق کسٹم فیڈز بنانے کا فیچر نمایاں ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوٹیوب سبسکرپشنز کے ٹیب کو اسکرین کے نچلے حصے سے منتقل کرکے اوپری ٹاپ بار میں شامل کر رہا ہے، جہاں ہوم بٹن کے ساتھ سبسکرپشنز کا نیا بٹن بھی دکھائی دے گا، جس کے نیچے سرخ لکیر موجود ہوگی۔
اس کے علاوہ لائیو میوزک اور موویز اینڈ ٹی وی جیسی نئی فیڈز بھی ٹاپ بار میں شامل کی جائیں گی، تاکہ صارفین اپنی دلچسپی کے مطابق ویڈیوز اور دیگر مواد باآسانی تلاش کرسکیں۔
یوٹیوب کی نئی اپ ڈیٹ میں سب سے اہم اضافہ پلس (+) بٹن ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی پسند کے موضوعات پر مبنی کسٹم فیڈز تیار کرسکیں گے۔ اس فیچر کے تحت کسی مخصوص موضوع کا انتخاب کرنے پر اسی سے متعلق ویڈیوز ایک الگ فیڈ میں دکھائی جائیں گی، جس سے بار بار سرچ کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوٹیوب مفت استعمال کرنے والے صارفین زیادہ سے زیادہ تین فعال کسٹم فیڈز محفوظ کرسکیں گے، جبکہ یوٹیوب پریمیم صارفین کو آٹھ فیڈز محفوظ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
کسٹم فیڈز کا فیچر ابتدائی طور پر امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ مستقبل میں اسے دیگر ممالک کے صارفین کے لیے بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے کی جانے والی ان تبدیلیوں کا مقصد صارفین کو ان کی دلچسپی کے مطابق مواد فراہم کرنا اور موبائل ایپ کے استعمال کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔



















