مون سون بارشوں کا سلسلہ ملک بھر میں جاری ہے، ایسے میں موبائل فون کی حفاظت کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
آج ہم آپ کو ایسے طریقوں کے بارے میں بتائیں گے جن کی مدد سے آپ باآسانی اپنے موبائل کی بارشوں میں بھی حفاظت کر سکیں گے۔
اسکرین پروٹیکٹرز کا استعمال کریں
آپ کے موبائل کو اسکرین پروٹیکٹرز نہ صرف خراش سے بچاتا ہے بلکہ پانی سے بھی تحفظ کی ایک اضافی تہہ فراہم کرتا ہے۔
واٹر پروف کیس/ پاؤچ کا استعمال کریں
جب بارش کا موسم ہو تو موبائل کے لیے معیاری واٹر پروف کیس یا پاؤچ استعمال کریں، یہ بارش کے قطروں اور حادثاتی چھینٹوں سے موبائل کو بچائے گا۔
ہاتھوں کو خشک رکھیں
اپنے ہاتھوں کو خشک رکھیں، ہاتھوں کی نمی آپ کے موبائل فون میں منتقل ہو سکتی ہے اور ممکنہ طور پر نقصان کا باعث بن سکتی ہے، یہ بات یقینی بنائیں کہ بارش سے واسطہ پڑنے کے بعد آپ جب موبائل کو چھوئیں تو ہاتھ خشک ہوں۔
گیلا ہونے پر موبائل کو اچھی طرح خشک کریں
اگر خدانخواستہ موبائل فون گیلا ہو جائے تو سب سے پہلے اسے فوری بند کریں اور نرم کپڑے سے آہستہ آہستہ خشک کریں، موبائل کو خشک کرنے کے لیے ہیئر ڈرائر کے استعمال سے گریز کریں کیونکہ ضرورت سے زیادہ گرمی فون اندرونی اجزاء کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔




















