Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیپال میں سیلاب کے 10 روز بعد 64 سالہ خاتون اور چینی شہری سمیت 3 افراد زندہ نکال لیے گئے

ریسکیو کیے گئے لوگوں کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کھٹمنڈو: نیپال میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے 10 روز بعد امدادی کارکنوں نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے 64 سالہ خاتون اور ایک چینی شہری سمیت 3 افراد کو زندہ نکال لیا جب کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

نیپال کے ضلع نواکوٹ میں امدادی کارکنوں نے مٹی اور ملبے تلے دبے گھر سے 64 سالہ چندریکا شریستھا کو زندہ نکال لیا۔

پولیس کے مطابق چندریکا شریستھا ملبہ ہٹانے کے دوران زندہ پائی گئیں جس کے بعد انہیں علاج کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کھٹمنڈو منتقل کردیا گیا۔

امدادی کارروائی میں شامل اہلکاروں نے خاتون کے زندہ بچ جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب ضلع راسووا میں اپر ترشولی ون پن بجلی منصوبے کی 225 میٹر طویل سرنگ سے ایک چینی شہری کو مشترکہ امدادی کارروائی کے دوران زندہ نکال لیا گیا۔

نیپالی فوج کے مطابق امدادی کارروائی میں فوجی اہلکاروں اور جنوبی کوریا کے ماہرین نے حصہ لیا جب کہ ریسکیو کیے گئے شخص کو طبی معائنے کے لیے منتقل کردیا گیا۔

ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقلی کے دوران فوجی طبی اہلکار نے چینی شہری کی نگرانی بھی کی۔

اس سے قبل جمعے کو اسی ترشولی پن بجلی منصوبے سے 2 نیپالی کارکنوں کو بھی زندہ نکال لیا گیا تھا جس کے بعد منصوبے سے زندہ بچ جانے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔

نیپال میں 10 روز قبل شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی جس کے بعد ہزاروں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں