امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنگ کے خاتمے اور معاہدے کے لیے بات چیت کرنا چاہتا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کیرولینا کے شہر گیسٹونیا میں ریپبلکن سینیٹ امیدوار مائیکل وہٹلی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ جلد ختم ہونے کے قریب ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے تاہم اب یہ دیکھنا ہوگا کہ آنے والے دنوں میں معاملات کس سمت جاتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر گزشتہ کئی ماہ سے یہ مؤقف دہراتے رہے ہیں کہ ایران مذاکرات اور کسی ممکنہ معاہدے میں دلچسپی رکھتا ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان مختلف اوقات میں ہونے والے رابطے اور مذاکرات کسی مستقل سمجھوتے تک نہیں پہنچ سکے جبکہ اس دوران امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کارروائیاں بھی جاری رہی ہیں۔
دوسری جانب جنگ اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث تیل، ایندھن اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے امریکی شہریوں کی تشویش بڑھا دی ہے۔ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل مہنگائی اور معاشی دباؤ کئی ریپبلکن امیدواروں کے لیے اہم چیلنج بن گئے ہیں۔




















