آبنائے ہرمز میں ایک اور آئل ٹینکر مبینہ حملے کا نشانہ بن گیا جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
برطانوی بحری تجارتی آپریشنز مرکز کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے باہر نکل رہا تھا۔ جہاز کے کپتان نے فوری طور پر واقعے کی اطلاع متعلقہ حکام کو دی۔
حکام کے مطابق ٹینکر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور جہاز اپنی منزل کی جانب روانہ ہے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ سمندر میں تیل یا کسی دوسری آلودگی کے اخراج کی بھی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔
برطانوی بحری حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دیگر بحری جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بحری جہازوں کو کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران آبنائے ہرمز میں متعدد تجارتی جہاز نامعلوم سمت سے آنے والے مبینہ حملہ آور گولوں یا دیگر اشیا کی زد میں آچکے ہیں۔




















