Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جبوتی کے ساحل پر کشتی ڈوب گئی، 15 بچوں سمیت 109 تارکین وطن ہلاک

تمام زندہ بچ جانے والے ایتھوپیا کے شہری ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے

افریقی ملک جبوتی کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 15 بچوں سمیت کم از کم 109 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ درجنوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) کے مطابق کشتی میں 350 افراد سوار تھے اور وہ جبوتی سے یمن جا رہی تھی۔ جمعرات کی شب بندرگاہی شہر اوبوک کے قریب کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں بڑا جانی نقصان ہوا۔ حادثے میں تقریباً 80 افراد کو بچا لیا گیا۔

آئی او ایم کے مطابق جاں بحق افراد میں 52 مرد، 42 خواتین، 9 لڑکیاں اور 6 لڑکے شامل ہیں۔ تمام زندہ بچ جانے والے ایتھوپیا کے شہری ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ادارہ اوبوک کے امدادی مرکز میں 64 متاثرین کو علاج اور اہل خانہ سے رابطہ بحال کرنے میں مدد بھی دے رہا ہے۔

آئی او ایم کے جبوتی مشن کے سربراہ الیگزینڈر کوئساک نے واقعے کو بہتر زندگی کی تلاش میں ہجرت کرنے والوں کو درپیش خطرات کی سنگین یاد دہانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جانی نقصان انتہائی افسوس ناک ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق افریقہ کے خطے ہارن آف افریقہ سے ہر سال ہزاروں افراد غربت، عدم تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے اور خلیجی ممالک میں روزگار حاصل کرنے کے لیے خطرناک سمندری راستہ اختیار کرتے ہیں۔ یمن میں ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری خانہ جنگی اور خطے میں عدم استحکام کے باوجود تارکین وطن آبنائے باب المندب عبور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

آئی او ایم کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں اسی راستے پر سفر کے دوران 900 سے زائد تارکین وطن ہلاک یا لاپتا ہوئے، جبکہ اس سفر کی کوشش کرنے والوں کی تعداد میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مارچ 2026 میں بھی اسی نوعیت کے ایک حادثے میں 9 افراد ہلاک اور 45 لاپتا ہوگئے تھے۔