Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کینیڈا کے فوجی اڈے پر ہولناک آتشزدگی، 7 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

تاحال ہلاکتوں، زخمیوں اور نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں

کینیڈا کے صوبے البرٹا میں فوجی اڈے پر شدید آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر موجود ہیں جبکہ حکام نے آگ پر قابو پانے کی تصدیق کردی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کینیڈین میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ فوجی اڈے پر لائیو فائرنگ کی تربیتی مشق کے دوران گیس پائپ لائن یا گیس کے کنویں کو نقصان پہنچا، جس کے بعد بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے میں کم از کم 7 افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی میئر نے واقعے کو غیر معمولی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کا افسوس ناک واقعہ پہلے کبھی پیش نہیں آیا۔ ان کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے، تاہم امدادی اور ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ممکنہ طور پر دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کے پیش نظر جائے وقوع پر موجود ہیں۔

حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور تاحال ہلاکتوں، زخمیوں اور نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

کینیڈین محکمہ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی طور پر ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جن سے یہ ظاہر ہو کہ واقعہ کسی دہشت گردانہ کارروائی کا نتیجہ ہے۔

حکام واقعے کی مکمل نوعیت اور آتشزدگی کے اسباب کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں